
پاکستان خواتین کی ڈیجیٹل خودمختاری کیلئے او آئی سی ممالک کیساتھ شراکت داری کیلئے تیار ہے، شزہ فاطمہ
انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی مواصلات کی وزیر شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ پاکستان او آئی سی کے رکن ممالک کے ساتھ ایسی شراکت داری کے لیے تیار ہے جس کے ذریعے خواتین کو ڈیجیٹل طور پر بااختیار بنانے کے لیے آزمائشی منصوبوں اور ٹھوس اقدامات پر کام کیا جا سکے۔
انہوں نے آج اسلام آباد میں خواتین سے متعلق او آئی سی کی نویں وزارتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خواتین کو ڈیجیٹل اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بااختیار بنانے کے لیے اپنے تجربات کے تبادلے، ایک دوسرے سے سیکھنے اور او آئی سی کے تمام رکن ممالک سے جدید ٹیکنالوجی حاصل کرنے کے لیے بھی تیار ہے۔
شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ پاکستان ہر لڑکی کو انٹرنیٹ اور ڈیجیٹل رابطے کی سہولت کی فراہمی، محفوظ ڈیجیٹل شناخت اور اپنے مالیاتی اکائونٹ تک رسائی اور اس پر مکمل اختیار حاصل کرنے کی سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔















