قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان کروشیا کے ساتھ اپنے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو بے حد اہمیت دیتا ہے، جو باہمی احترام، اعتماد اور خیرسگالی پر مبنی ہیں۔
یہ بات انہوں نے آج اسلام آباد میں کروشیا کے وزیر خارجہ ڈاکٹر گورڈن گرلچ ریڈمین سے ملاقات کے دوران کہی۔
قائم مقام صدر نے کروشین وزیر خارجہ اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی کروشین وزیر خارجہ کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک تاریخی سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ دورہ پاکستان اور کروشیا کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے اور تعلقات کو نئی جہت دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
سید یوسف رضا گیلانی نے کروشیا کے صدر زوران میلانووچ کو بھی باہمی سہولت کے مطابق پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت دی۔
اس موقع پر کروشیا کے وزیر خارجہ ڈاکٹر گورڈن گرلچ ریڈمین نے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر قائم مقام صدر کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے پاکستان کے ساتھ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی روابط، پارلیمانی تبادلوں اور اقتصادی تعاون میں اضافہ دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا۔
ملاقات میں دونوں فریقوں نے اعلیٰ سطح کے رابطوں کو باقاعدگی سے جاری رکھنے اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں پاکستان اور کروشیا کے تعلقات کی مکمل استعداد سے فائدہ اٹھانے کے لیے مشترکہ طور پر کام کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
