پاکستان اور روس نے انسداد منشیات، دہشت گردی کے خاتمے اور دیگر سیکیورٹی شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ اتفاق رائے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور ان کے روسی ہم منصب ولادیمیر کولوکولتسیف کے درمیان ملاقات میں ہوا۔
ملاقات کے دوران دونوں وزرائے داخلہ نے پاکستان اور روس کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور علاقائی صورتحال سمیت دوطرفہ تعاون کے فروغ کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں فریقوں نے انسداد منشیات، انسداد دہشت گردی، سائبر کرائم کے خلاف اقدامات اور مشترکہ پولیس مشقوں کے انعقاد کے حوالے سے تعاون بڑھانے پر بات چیت کی۔
ملاقات میں خطے بالخصوص افغانستان میں سرگرم دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف مشترکہ حکمت عملی وضع کرنے پر بھی غور کیا گیا۔
دونوں وزرائے داخلہ نے دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے پر اتفاق کیا۔ محسن نقوی نے اپنے روسی ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔
ملاقات میں گزشتہ رابطوں کے دوران کیے گئے فیصلوں پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ افغانستان میں 25 سے زائد دہشت گرد تنظیمیں سرگرم ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ انتہا پسند گروہوں کا خاتمہ مشترکہ ذمہ داری ہے اور دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔
