کراچی میں پاک۔چائنا فرینڈشپ جوجٹسو کپ 2026 شاندار انداز میں منعقد، ملک بھر سے 14 کلبوں کے 150 سے زائد ایتھلیٹس کی بھرپور شرکت

سندھ جوجٹسو ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام پاک۔چائنا فرینڈشپ جوجٹسو کپ 2026 محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان، حکومتِ سندھ، ڈائریکٹوریٹ آف اسپورٹس، ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز اور سندھ اسپورٹس کلب کے باہمی تعاون سے سندھ اسپورٹس کلب، ناظم آباد، کراچی میں شاندار انداز سے منعقد ہوا۔

چیمپئن شپ میں کراچی، سندھ، پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے 14 ممتاز جوجٹسو کلبوں کے تقریباً 150 ایتھلیٹس، کوچز اور آفیشلز نے شرکت کی۔ مقابلوں کے دوران کھلاڑیوں نے اعلیٰ تکنیکی مہارت، غیرمعمولی اسپورٹس مین اسپرٹ، نظم و ضبط اور بہترین پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، جس نے حاضرین اور کھیلوں کے شائقین کو بے حد متاثر کیا۔

تقریب کے مہمانانِ خصوصی ڈاکٹر اسد اسحاق ڈائریکٹر اسپورٹس، حکومتِ سندھ اور سعید حبیب اللہ، ڈائریکٹر یوتھ افیئرز، حکومتِ سندھ تھے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے سندھ جوجٹسو ایسوسی ایشن کی شاندار تنظیمی صلاحیتوں اور کامیاب ایونٹ کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے معیاری کھیلوں کے مقابلے نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے، صحت مند معاشرے کے قیام، قومی ہم آہنگی کے فروغ اور پاک۔چین دوستی کو مزید مستحکم بنانے میں نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

اس موقع پر سندھ جوجٹسو ایسوسی ایشن کے صدر اور پاکستان جوجٹسو فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل جناب طارق علی نے معزز مہمانوں، آفیشلز، کوچز، ایتھلیٹس اور شریک ٹیموں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ سندھ جوجٹسو ایسوسی ایشن ملک میں جوجٹسو کے فروغ، نوجوان ٹیلنٹ کی تربیت اور بین الاقوامی معیار کے کھیلوں کے انعقاد کے لیے اپنی کاوشیں مزید تیز کرے گی، تاکہ پاکستان عالمی سطح پر جوجٹسو میں نمایاں مقام حاصل کر سکے۔

تقریب میں حاجرہ نواب (ڈی ایس او سینٹرل)، محمد علی (قائم مقام صدر، سندھ جوڈو ایسوسی ایشن) اور معروف اداکارہ مس آرم تنویر نے بھی خصوصی شرکت کی۔ معزز مہمانوں نے کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے منتظمین کو کامیاب ایونٹ کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔

اختتامی تقریب میں مہمانانِ خصوصی نے سندھ جوجٹسو ایسوسی ایشن، محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان، حکومتِ سندھ، سندھ اسپورٹس کلب اور تمام منتظمین کی مشترکہ کاوشوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس نوعیت کے بین الصوبائی اور بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلے نہ صرف نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہیں بلکہ قومی یکجہتی، کھیلوں کے فروغ اور پاکستان میں مارشل آرٹس کے معیار کو مزید بلند کرنے میں بھی کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔

آخر میں جناب طارق علی نے حکومتِ سندھ، محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان، ڈائریکٹوریٹ آف اسپورٹس، ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز، سندھ اسپورٹس کلب، تمام معزز مہمانان، پاکستان بھر سے شریک 14 کلبوں، ایتھلیٹس، کوچز، آفیشلز، رضاکاروں، میڈیا نمائندگان اور ایونٹ کی کامیابی میں کردار ادا کرنے والے تمام افراد کا دلی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سندھ جوجٹسو ایسوسی ایشن مستقبل میں بھی قومی اور بین الاقوامی معیار کے مزید بڑے کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد جاری رکھے گی تاکہ نوجوانوں کو مثبت مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان میں جوجٹسو کے فروغ اور پاک۔چین کھیلوں کے تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

Exit mobile version