پاکستان نے سری لنکا کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی، تاہم سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں مہمان ٹیم نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ یہ میچ منگل کی شام راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔
پاکستان نے سیریز کے ابتدائی دونوں میچز جیت کر فیصلہ کن برتری حاصل کر لی تھی۔ قومی ٹیم نے 9 اکتوبر کو پہلا میچ 4 وکٹوں جبکہ 11 اکتوبر کو دوسرا میچ 82 رنز سے جیتا تھا۔ آخری میچ میں سری لنکا کی کامیابی سیریز کے نتیجے کو تبدیل نہ کر سکی۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے۔ کپتان صاحبزادہ فرحان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 47 گیندوں پر 76 رنز اسکور کیے، جن میں 7 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔
آخری لمحات میں عرفات منہاس نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 20 گیندوں پر ناقابلِ شکست 34 رنز بنائے۔ دونوں بلے بازوں نے ساتویں وکٹ کے لیے 66 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔
پاکستان کی جانب سے حسن نواز نے 17 گیندوں پر 16 رنز جبکہ عبدالصمد نے 10 گیندوں پر 15 رنز بنائے۔سری لنکا کی جانب سے داسن شناکا نے 21 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ نووان تھشارا اور ایشان ملنگا نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا نے 17.1 اوورز میں صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بنا کر میچ جیت لیا۔کپتان کوشل مینڈس نے ناقابلِ شکست 87 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ انہوں نے 48 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 9 چوکے اور 4 چھکے لگائے۔ کامندو مینڈس نے بھی عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 27 گیندوں پر ناقابلِ شکست 40 رنز بنائے۔
سنیٹھ جے وردھنے نے 26 گیندوں پر 38 رنز اسکور کیے۔ دوسری وکٹ کے لیے کوشل مینڈس اور جے وردھنے نے 59 رنز کی شراکت قائم کی، جبکہ کوشل اور کامندو مینڈس نے تیسری وکٹ کے لیے ناقابلِ شکست 98 رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔
پاکستان کی جانب سے محمد عمران اور عرفات منہاس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔میچ میں شاندار کارکردگی پر سری لنکا کے کوشل مینڈس کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا، جبکہ پاکستانی کپتان صاحبزادہ فرحان سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ فرحان نے سیریز میں مسلسل تین نصف سنچریاں اسکور کیں۔
پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ کی ٹیمیں اب 18 اکتوبر سے راولپنڈی میں شروع ہونے والی ایک روزہ بین الاقوامی سہ ملکی سیریز میں حصہ لیں گی۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 31 اکتوبر کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
