نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی اعلیٰ تعلیم کے نظام کو مزید مضبوط بنانے پر زور

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی نظام کو مزید مضبوط بنانا اور معیاری، شفاف اور بہترین معیار کے مطابق علم کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

اسلام آباد میں پاکستان میں جامعات اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کے قیام سے متعلق موجودہ رہنما اصولوں کے جائزے کے لیے منعقدہ کمیٹی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں معیار اور شفافیت کو یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

اجلاس میں 2026 ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) ریگولیٹری فریم ورک کے مسودے کا جائزہ لیا گیا، جو پاکستان میں اعلیٰ تعلیمی اداروں کے قیام اور ایکریڈیٹیشن سے متعلق تیار کیا گیا ہے۔ اجلاس کے دوران متعلقہ اداروں نے کمیٹی کو مجوزہ پالیسی پر تفصیلی بریفنگ دی۔

کمیٹی نے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے بعض شعبوں میں مزید بہتری کے لیے سفارشات پیش کیں۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ہدایت کی کہ ایچ ای سی کمیٹی کی سفارشات کو ریگولیٹری فریم ورک میں شامل کرکے نظرثانی شدہ مسودہ وفاقی وزارتِ تعلیم کو ارسال کرے تاکہ اسے منظوری کے لیے وفاقی کابینہ میں پیش کیا جا سکے۔

Exit mobile version