راجہ محمد طارق مسعود ایاز — کسان دوستی، وقار اور سماجی خدمت کی روشن مثال

خصوصی تحریر

کسی بھی معاشرے کی حقیقی طاقت ایسے باکردار، باوقار اور خدمتِ خلق کے جذبے سے سرشار افراد ہوتے ہیں جو اپنی ذاتی کامیابیوں کو عوامی فلاح اور اجتماعی بہتری سے جوڑ دیتے ہیں۔ ضلع خوشاب کے گاؤں جمالی بلوچاں سے تعلق رکھنے والے راجہ محمد طارق مسعود ایاز بھی انہی ممتاز شخصیات میں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے اپنی شائستگی، معاملہ فہمی، بردباری اور عوامی خدمت کے ذریعے معاشرے میں ایک منفرد مقام حاصل کیا ہے۔

راجہ محمد طارق مسعود ایاز ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ، روشن خیال اور ترقی پسند کاشتکار ہیں۔ انہوں نے ہمیشہ کسانوں کے حقوق کے تحفظ، زرعی مسائل کے حل اور دیہی ترقی کے لیے بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ وہ اس حقیقت پر یقین رکھتے ہیں کہ پاکستان کی معیشت کا استحکام خوشحال کسان سے وابستہ ہے، اسی لیے انہوں نے ہر فورم پر کسان برادری کی آواز بن کر ان کے جائز مطالبات کو مؤثر انداز میں متعلقہ حکام تک پہنچایا ہے۔

بطور ممبر کسان بورڈ ضلع خوشاب، راجہ محمد طارق مسعود ایاز نے کسانوں کو درپیش دیرینہ مسائل کے حل کے لیے منتخب عوامی نمائندوں، متعلقہ محکموں اور اربابِ اختیار کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا ہے۔ ان کی کوشش رہی ہے کہ زرعی شعبے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے اور کسانوں کو بہتر سہولیات، مناسب وسائل اور ان کے حقوق کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

زرعی خدمات کے ساتھ ساتھ راجہ محمد طارق مسعود ایاز سماجی ہم آہنگی اور امن کے فروغ میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔ بطور ممبر امن کمیٹی ضلع خوشاب وہ بھائی چارے، رواداری، اتحاد اور معاشرتی اصلاح کے فروغ کے لیے ہمیشہ متحرک رہتے ہیں۔ ان کی معتدل سوچ، تحمل مزاجی اور مثبت طرزِ عمل نے انہیں ہر مکتبۂ فکر میں عزت و احترام کا مستحق بنایا ہے۔

راجہ محمد طارق مسعود ایاز کا تعلق ایک علمی، ادبی اور باوقار خاندان سے ہے۔ ان کے والد محترم ماسٹر راجہ حاجی احمد حیات مرحوم ایک معروف محقق، مؤرخ اور صاحبِ علم شخصیت تھے جنہوں نے علمی و تحقیقی میدان میں گراں قدر خدمات انجام دیں۔ اسی علمی ورثے نے راجہ محمد طارق مسعود ایاز کی شخصیت میں سنجیدگی، بصیرت اور خدمتِ خلق کا جذبہ پیدا کیا، جو آج ان کی عملی زندگی میں نمایاں طور پر دکھائی دیتا ہے۔

وہ سابق صدر تحصیل بار ایسوسی ایشن نورپور تھل، راجہ محمد اشرف حیات اور پروفیسر راجہ عبدالروف ہمایوں کے بھائی ہیں۔ اس علمی و سماجی خانوادے نے ہمیشہ تعلیم، شعور، انصاف اور سماجی خدمت کی روایات کو زندہ رکھا ہے، جسے راجہ محمد طارق مسعود ایاز بھی پوری ذمہ داری اور خلوص کے ساتھ آگے بڑھا رہے ہیں۔

ان کی خوش اخلاقی، ملنساری، دیانت داری اور معاملہ فہمی نے انہیں صرف زمیندار طبقے ہی نہیں بلکہ ہر شعبۂ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کے دلوں میں جگہ دی ہے۔ وہ اختلاف کو دشمنی نہیں بلکہ مکالمے کے ذریعے حل کرنے پر یقین رکھتے ہیں، یہی خوبی انہیں ایک متوازن اور قابلِ احترام سماجی رہنما بناتی ہے۔

آج جب معاشرہ دیانت دار، مخلص اور عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار قیادت کا متلاشی ہے، راجہ محمد طارق مسعود ایاز جیسی شخصیات امید کی کرندکھائی دیتی ہیں۔ ان کی خدمات اس بات کا ثبوت ہیں کہ اگر اخلاص، بصیرت اور عوامی مفاد کو مقدم رکھا جائے تو معاشرے میں مثبت تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔

راجہ محمد طارق مسعود ایاز کی شخصیت کسان دوستی، سماجی خدمت، علمی روایت، اخلاقی وقار اور عوامی اعتماد کا حسین امتزاج ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں صحت، سلامتی اور مزید توفیق عطا فرمائے تاکہ وہ اسی جذبۂ خدمت کے ساتھ اپنے علاقے، کسان برادری اور معاشرے کی فلاح و بہبود کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرتے رہیں۔ آمین۔

Exit mobile version