پاکستان ڈیجیٹل اثاثوں کے حوالے سے ‘پاکستان فرسٹ’ حکمتِ عملی پر عمل پیرا ہے: بلال بن ثاقب

وزیر مملکت اور پاکستان ورچوئل اثاثہ جات ریگولیٹری اتھارٹی (PVARA) کے چیئرمین بلال بن ثاقب نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیجیٹل اثاثوں کے شعبے میں "پاکستان فرسٹ” حکمتِ عملی کے تحت آگے بڑھ رہا ہے تاکہ ڈیجیٹل مالیاتی نظام کے قواعد و ضوابط کی تشکیل میں مؤثر کردار ادا کیا جا سکے۔

انہوں نے سوئٹزرلینڈ کے شہر زیورخ میں منعقدہ پوائنٹ زیرو فورم 2026 سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں مالیاتی نظام کے اصول تیزی سے تبدیل ہو رہے ہیں اور پاکستان ان نئے اصولوں کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کرے گا۔

بلال بن ثاقب نے بتایا کہ 2025 چین اینالیسس گلوبل کرپٹو ایڈاپشن انڈیکس کے مطابق پاکستان عام سطح پر کرپٹو کرنسی اپنانے کے حوالے سے دنیا میں تیسرے نمبر پر ہے، جس کی بڑی وجہ نوجوان آبادی اور دنیا کی بڑی فری لانسر معیشتوں میں پاکستان کا شمار ہونا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوائنٹ زیرو فورم ایک سالانہ پالیسی اور ٹیکنالوجی کانفرنس ہے، جس کا مشترکہ انعقاد گلوبل فنانس اینڈ ٹیکنالوجی نیٹ ورک اور سوئٹزرلینڈ کے اسٹیٹ سیکریٹریٹ برائے بین الاقوامی مالیات کے تعاون سے کیا جاتا ہے۔

تین روزہ فورم کا موضوع "ازسرِنو تشکیل پاتا مالیاتی نظام: بدلتی دنیا میں اعتماد، ضابطہ بندی اور پروٹوکولز” تھا، جس میں دنیا بھر سے دو ہزار سے زائد بینکاروں، ریگولیٹرز، پالیسی سازوں اور صنعت سے وابستہ رہنماؤں نے شرکت کی۔

Exit mobile version