پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ اور قرضوں کے بوجھ تلے دبے ممالک کی معیشتوں کے تحفظ کے لیے پانچ اہم تجاویز پیش کر دی ہیں۔
ترکیہ کے شہر انطالیہ میں COP-31 کے موقع پر پاکستان پویلین میں منعقدہ اعلیٰ سطحی پارلیمانی مکالمے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بڑے مالیاتی اور ٹیکس سے متعلق فیصلوں میں موسمیاتی اثرات کو مدنظر رکھنا ضروری ہے تاکہ پائیدار ترقی متاثر نہ ہو۔
انہوں نے قابلِ تجدید توانائی کے فروغ کے لیے مستحکم پالیسیوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صاف توانائی میں سرمایہ کاری کرنے والے گھریلو صارفین اور کاروباری اداروں کو مشکلات کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔
دانیال چوہدری نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے مطابقت پیدا کرنے کے لیے زراعت، آبی وسائل، قدرتی آفات سے پیشگی آگاہی کے نظام اور محفوظ بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کی جانی چاہیے، کیونکہ ایسے اقدامات مستقبل میں نقصانات اور بحالی کے اخراجات کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
انہوں نے عالمی قرضوں کے نظام میں اصلاحات، قرضوں کے بدلے موسمیاتی اقدامات، رعایتی مالی معاونت اور قرضوں کی ادائیگی کے لیے زیادہ وقت دینے کی بھی تجویز پیش کی، تاکہ قدرتی آفات سے متاثرہ ممالک کو اپنے ترقیاتی منصوبوں کی قربانی نہ دینا پڑے۔
پارلیمانی سیکرٹری نے موسمیاتی مالی معاونت کی مؤثر نگرانی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی ٹیکس، سبسڈیز، بجٹ میں مختص رقوم اور ماحولیاتی اقدامات کے نتائج سے متعلق سالانہ رپورٹنگ کا نظام ہونا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ موسمیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے پوری دنیا کو مشترکہ اقدامات کرنا ہوں گے اور امیر و ترقی پذیر ممالک کے لیے الگ الگ معیار نہیں ہونے چاہئیں۔
اجلاس میں پاکستان، ایتھوپیا، یوگنڈا اور جاپان کے پارلیمنٹیرینز، ماحولیاتی ماہرین اور ترقیاتی شراکت داروں نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں پیرس معاہدے کے تحت موسمیاتی اہداف کے حصول کے لیے مختلف طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
