پاکستان اور سنگاپور کے درمیان تجارتی تعلقات مضبوط بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے آج سنگاپور میں سنگاپور کے نائب وزیراعظم اور وزیر برائے توانائی، تجارت و صنعت گن کم یونگ سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان اور سنگاپور کے درمیان مالیات، مصنوعی ذہانت، مالیاتی ٹیکنالوجی (فن ٹیک)، تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے کاروباری اداروں، خصوصاً چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کو ایک دوسرے کے ساتھ براہ راست روابط بڑھانے چاہئیں تاکہ باہمی تجارتی مواقع کو بہتر طور پر سمجھا جا سکے۔

ملاقات میں پاکستانی غذائی اور زرعی مصنوعات کی تجارت میں اضافے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

محمد اورنگزیب نے اس موقع پر کہا کہ سنگاپور کی مارکیٹ میں پاکستانی غذائی اور زرعی مصنوعات کی موجودگی کو مزید وسعت دینے کے نمایاں مواقع موجود ہیں۔

↑
Exit mobile version