مقبوضہ کشمیر میں تشدد کے متاثرین سے پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی برقرار رہے گی، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان بھارتی غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں تشدد کا شکار افراد کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتا ہے اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔

تشدد کے متاثرین کی حمایت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ غیر ملکی قابض طاقتیں ریاستی جبر کے ہتھیار کے طور پر منظم انداز میں تشدد کا استعمال کر رہی ہیں، جس پر پاکستان کو شدید تشویش ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین اور بھارتی غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کے عوام آج بھی قابض حکام کے ہاتھوں ریاستی جبر، بہیمانہ تشدد، غیر انسانی اور توہین آمیز سلوک کا سامنا کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ وہ ایسے جرائم کی بھرپور مذمت کرے، ذمہ دار عناصر کا احتساب یقینی بنائے اور تشدد کے متاثرین کے تحفظ کے لیے مؤثر اور بامعنی بین الاقوامی تعاون کو فروغ دے۔

شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے بھارتی غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین اور مسلسل خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے اقوام متحدہ، عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ انسانی حقوق کی ان خلاف ورزیوں کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے عملی اقدامات کریں۔

وزیراعظم نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر میں تشدد کے متاثرین کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتا ہے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔

Exit mobile version