قطر کا پاکستان کی امن کوششوں کی مکمل حمایت کا اعلان

امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے پاکستان کی جانب سے خطے میں امن کے فروغ اور سفارتی کوششوں کی مکمل حمایت کا اظہار کیا ہے۔

یہ بات انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران کہی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی نہایت خوشگوار اور دوستانہ گفتگو میں امیرِ قطر نے وزیراعظم شہباز شریف کو امریکہ اور ایران کے درمیان تاریخی "اسلام آباد مفاہمتی یادداشت” (Islamabad Memorandum of Understanding) کی کامیاب تکمیل پر مبارکباد دی اور اس کامیابی میں ان کی قیادت کو سراہا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے قطر کی جانب سے امن کوششوں میں مسلسل اور مضبوط تعاون پر امیرِ قطر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی انتھک کوششوں اور قطر سمیت برادر ممالک کے مثبت کردار کے باعث ممکن ہوئی۔

دونوں رہنماؤں نے سوئٹزرلینڈ کے علاقے برگن اسٹاک میں ہونے والے تکنیکی سطح کے مذاکرات کے پہلے دور پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مذاکرات کے مثبت تسلسل کو برقرار رکھا جائے تاکہ فریقین کے درمیان بات چیت کامیابی سے آگے بڑھ سکے۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ مذاکراتی عمل کو نقصان پہنچانے والے عناصر سے تحفظ فراہم کرنا ضروری ہے۔

گفتگو کے دوران امیرِ قطر نے راس لفان انڈسٹریل سٹی میں واقع برزان گیس فیسلٹی میں آتشزدگی کے واقعے میں ایک پاکستانی شہری کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت بھی کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے امیرِ قطر کی ہمدردی پر شکریہ ادا کیا اور قطر میں مقیم تین لاکھ سے زائد پاکستانیوں کی میزبانی پر قطری قیادت کی تعریف کی۔

وزیراعظم نے رواں سال دوحہ کے اپنے دوروں کو یاد کرتے ہوئے امیرِ قطر کو جلد پاکستان کے دورے کی دعوت کا اعادہ کیا۔ اس پر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے رواں سال کے دوران پاکستان کا دورہ کرنے اور دوطرفہ تعاون و علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

دونوں رہنماؤں نے آنے والے دنوں میں پاکستان اور قطر کے درمیان قریبی رابطوں اور تعاون کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔

Exit mobile version