وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ’’سحر‘‘ (SEHR) پروگرام کے تحت تربیت مکمل کرنے والی خواتین کے لیے نیک تمناؤں اور کامیابی کی دعا کا اظہار کیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ’’سکل انہانسمنٹ تھرو ہوم ریچ‘‘ (Skill Enhancement through Home Reach – SEHR) پروگرام خواتین کو ترقی اور معاشی خودمختاری کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے شروع کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ خواتین کو ان کی دہلیز پر فنی اور پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے کا مقصد صنفی مساوات کو فروغ دینا اور ہنر مند افرادی قوت میں خواتین کی شمولیت بڑھانا ہے۔
مریم نواز شریف نے بتایا کہ ’’سحر‘‘ پروگرام کے تحت پنجاب بھر کی خواتین کو گھروں میں رہتے ہوئے مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق مختلف شعبوں میں مہارت پر مبنی تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ باعزت روزگار حاصل کر سکیں اور معاشی طور پر خودمختار بن سکیں۔
انہوں نے کہا کہ اس پروگرام پر 97 کروڑ روپے سے زائد لاگت آئے گی، جس کے تحت پنجاب کے دور دراز، نیم شہری اور شہری علاقوں سے تعلق رکھنے والی 5,365 خواتین کو تربیت دی جائے گی۔
پروگرام کے تحت خواتین کو بیوٹی سروسز، مہمان نوازی (ہاسپیٹیلٹی) اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں جدید تقاضوں کے مطابق تربیت فراہم کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبائی حکومت خواتین کی فلاح و بہبود، ہنر مندی اور معاشی ترقی کے لیے مزید مؤثر اقدامات جاری رکھے گی۔
