بھارتی سکھ یاتری پاکستان پہنچ گئے، ننکانہ صاحب میں مذہبی رسومات ادا کیں

مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کی تقریبات میں شرکت کے لیے پاکستان آنے والے بھارتی سکھ یاتریوں نے آج گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں اپنی مذہبی رسومات ادا کیں اور خصوصی دعائیں مانگیں۔

یاتریوں نے گوردوارہ جنم استھان میں حاضری دی اور اپنی مذہبی روایات کے مطابق عبادات میں حصہ لیا۔ اس موقع پر عقیدت مندوں نے امن، بھائی چارے اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔

بھارتی سکھ یاتری کل بھوگ اکھنڈ پاٹھ صاحب کی مرکزی تقریب میں شرکت کریں گے، جس میں پاکستان اور بیرون ملک سے آئے ہوئے سکھ عقیدت مند بھی شریک ہوں گے۔

ننکانہ صاحب کے دورے کی تکمیل کے بعد سکھ یاتری فاروق آباد میں واقع گوردوارہ سچا سودا جائیں گے، جہاں وہ مذہبی رسومات ادا کریں گے۔

بعد ازاں یاتری حسن ابدال روانہ ہوں گے، جہاں وہ گوردوارہ پنجہ صاحب میں حاضری دیں گے اور اپنی مذہبی تقریبات میں شرکت کریں گے۔

مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کے سلسلے میں منعقدہ تقریبات کے لیے پاکستان پہنچنے والے سکھ یاتریوں کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ وہ اپنے مذہبی فرائض اور رسومات بخوبی انجام دے سکیں۔

Exit mobile version