وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والے تکنیکی سطح کے مذاکرات عالمی امن کے فروغ کے لیے ایک اہم موقع فراہم کرتے ہیں۔
سوئٹزرلینڈ کے علاقے برگن اسٹاک میں امریکہ اور ایران کے تکنیکی سطح کے مذاکرات سے قبل گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ یہ سربراہی اجلاس مثبت اور ٹھوس نتائج دے گا، جس سے دنیا بھر میں امن، استحکام اور ترقی کو فروغ ملے گا۔
وزیراعظم نے مذاکراتی عمل کو جاری رکھنے میں امریکہ، ایران اور قطر کے کردار کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس عمل میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کاوشوں، ثابت قدمی اور قائدانہ کردار کو خصوصی طور پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا کہ وہ ایک ایسے مستقبل کو دیکھتے ہیں جہاں تمام ممالک مل کر امن اور خوشحالی کے فروغ کے لیے کام کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے امریکی وفد کو مختلف اہم امور، بشمول آبنائے ہرمز کو کھولنے کے معاملے پر حل تلاش کرنے کے لیے مکمل اختیارات دے رکھے ہیں۔
جے ڈی وینس نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی سفارتی بصیرت اور قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی دانشمندانہ قیادت کے بغیر آج ہم یہاں موجود نہ ہوتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران انہوں نے سب سے زیادہ رابطہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ساتھ رکھا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ جاری مذاکرات خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے قیام میں اہم کردار ادا کریں گے۔
