فیفا ورلڈ کپ 2026 کے گروپ جی اور گروپ ایچ کے ابتدائی میچوں میں کسی بھی ٹیم کو کامیابی نہ مل سکی اور تمام مقابلے برابری پر ختم ہوئے، جس کے بعد دونوں گروپس میں پوائنٹس ٹیبل انتہائی دلچسپ صورتحال اختیار کر گئی ہے۔
گروپ جی میں ایران اور نیوزی لینڈ کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ 2-2 گول سے برابر رہا۔ نیوزی لینڈ کے جسٹ نے ساتویں اور 54ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی، جبکہ ایران کی جانب سے رامین رضائیان نے 32ویں اور محمد محبی نے 64ویں منٹ میں گول اسکور کرکے مقابلہ برابر کردیا۔
اسی گروپ کے دوسرے میچ میں مصر اور بیلجیئم کا مقابلہ بھی 1-1 گول سے برابر رہا۔ مصر کو 20ویں منٹ میں امام عاشور نے محمد صلاح کے پاس پر شاندار گول کرکے برتری دلائی، تاہم 66ویں منٹ میں میدان میں آنے والے رومیلو لوکاکو نے فوری اثر ڈالتے ہوئے ایسا حملہ ترتیب دیا جس کے نتیجے میں مصری مدافع محمد ہنی سے اون گول ہوگیا اور اسکور برابر ہوگیا۔
دوسری جانب گروپ ایچ میں سعودی عرب اور یوراگوئے کے درمیان بھی سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا جو 1-1 گول سے برابری پر ختم ہوا۔ سعودی عرب نے عبدالالہ العمری کے 41ویں منٹ کے گول کی بدولت برتری حاصل کی، تاہم یوراگوئے کے میکسی میلیانو نے 80ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کو شکست سے بچا لیا۔ یوراگوئے نے میچ میں 65 فیصد بال اپنے قبضے میں رکھی اور 27 شاٹس لگائے، لیکن سعودی دفاع نے طویل عرصے تک مزاحمت جاری رکھی۔
گروپ ایچ کے ایک اور میچ میں یورپی چیمپئن اسپین کو ورلڈ کپ میں پہلی مرتبہ شرکت کرنے والی کیپ ورڈی کے خلاف غیر متوقع مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ ایٹلانٹا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں دونوں ٹیمیں کوئی گول نہ کرسکیں اور مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر ختم ہوگیا۔ اسپین نے دو درجن سے زائد مرتبہ گول کرنے کی کوشش کی جبکہ سات یقینی مواقع کیپ ورڈی کے تجربہ کار گول کیپر ووزینہ نے ناکام بنائے۔ کیپ ورڈی نے اپنی تاریخ میں پہلی مرتبہ ورلڈ کپ میں شرکت کرتے ہوئے مضبوط اسپین کو پوائنٹس تقسیم کرنے پر مجبور کردیا۔
ان نتائج کے بعد گروپ جی اور گروپ ایچ میں تمام ٹیموں نے اپنے افتتاحی میچوں میں ایک ایک پوائنٹ حاصل کیا ہے، جس کے باعث اگلے میچوں میں ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی کی دوڑ مزید دلچسپ اور سخت ہونے کا امکان ہے۔
