منصوبہ بندی و ترقی کے وفاقی وزیر احسن اقبال نے سی پیک کے دوسرے مرحلے پر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے پاکستان کو ترقیاتی اہداف کے حصول میں براہ راست مدد ملے گی۔انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں انسٹی ٹیوٹ آف سٹرٹیجک سٹڈیز کے زیراہتمام عالمی طرز حکمرانی کے اقدام اور سی پیک کیلئے چین پاکستان مشترکہ شراکت داری کے موضوع پر ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک کا دوسرا مرحلہ ایک جامع لائحہ عمل ہے جو پانچ راہداریوں پر مشتمل ہے جن میں ترقی ، روزگار، جدت ، ماحول دوست اور کھلی راہداریاں شامل ہیں۔انہوں نے پاک ، چین شراکت داری کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے سیمینار سے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان گہرے دیرینہ تعلقات ہیں اور آہنی بھائیوں کے طور پر دونوں ملکوں کے درمیان منفرد اور پائیدار تعلقات استوار ہیں۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے حالیہ دورہ چین نے اس دوستی کو مزید بلندیوں تک پہنچایا ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے صدر شی جن پنگ کے زیر قیادت عالمی طرز حکمرانی اقدام کیلئے پاکستان کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اس دوستی کو مزید مضبوط بنانے، سی پیک کو آگے بڑھانے اور عالمی طرز حکمرانی کے اقدام کے فروغ پر پختہ یقین رکھتا ہے۔
