چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ سیرتِ نبوی ﷺ انسانی بقا، پائیدار امن اور عالمی ہم آہنگی کے لیے ایک جامع اور مکمل لائحۂ عمل فراہم کرتی ہے۔
وہ پیر کے روز راولپنڈی میں عیدگاہ شریف میں منعقدہ سالانہ عرس کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کو درپیش موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بھی سیرتِ طیبہ ﷺ میں موجود اصول بہترین رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات عدل، رواداری، اخوت اور انسانیت کی خدمت پر مبنی ہیں، جن پر عمل پیرا ہو کر معاشرتی اور قومی مسائل کا مؤثر حل تلاش کیا جا سکتا ہے۔
سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اولیائے کرام نے اپنی عملی زندگی کے ذریعے یہ ثابت کیا کہ نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کسی مخصوص خطے یا قوم تک محدود نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے دائمی پیغام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اولیائے کرام نے محبت، امن، برداشت اور بھائی چارے کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا اور معاشرے کو اخلاقی اقدار سے روشناس کرایا۔
چیئرمین سینیٹ نے اس موقع پر زور دیا کہ موجودہ دور میں معاشرتی ہم آہنگی، قومی یکجہتی اور عالمی امن کے قیام کے لیے سیرتِ نبوی ﷺ اور اولیائے کرام کی تعلیمات سے رہنمائی حاصل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
