وزیر اطلاعات کا ازبکستان کے ساتھ ثقافتی اور میڈیا تعلقات کو نئی جہت دینے کے عزم کا اعادہ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے ازبکستان کے ساتھ ثقافتی اور میڈیا تعلقات کو نئی جہت دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ سے ازبکستان کے سفیر علی شیر تختیوف نے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان فلم سازی کے شعبے میں تعاون بڑھانے سمیت میڈیا، فلم اور ثقافتی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ازبکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ازبکستان کے ساتھ مل کر مختصر فلم، دستاویزی فلم یا ڈرامہ سیریز کے امکانات پر غور کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے منصوبوں کے لیے تجربہ کار پروڈکشن اداروں کی شمولیت ضروری ہے۔ مشترکہ فنڈنگ کے ذریعے بڑے پیمانے پر فلمی منصوبے آگے بڑھائے جا سکتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے پاکستان اور ازبکستان کے مشترکہ تاریخی و ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان میڈیا اداروں کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔ اس ضمن میں صحافیوں کے مطالعاتی دورے بھی اہم پیش رفت ثابت ہوں گے۔

ملاقات میں سوشل میڈیا ٹیمز کے درمیان رابطوں کے فروغ، مشترکہ ڈیجیٹل مواد کی تیاری اور مربوط آن لائن تشہیری حکمت عملی اپنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

اس موقع پر ازبکستان کے سفیر نے خطے میں امن کے قیام اور اسلام آباد امن مذاکرات میں پاکستان کے کردار اور کوششوں کو سراہا۔

Exit mobile version