آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے پاکستان ویمنز ٹیم انگلینڈ روانہ

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن سے برمنگھم کے راستے ناٹنگھم، انگلینڈ روانہ ہوگئی ہے۔

قومی ویمنز ٹیم میگا ایونٹ سے قبل ناٹنگھم پہنچ کر اپنی حتمی تیاریوں کا آغاز کرے گی۔ پاکستان ٹیم اپنا پہلا وارم اپ میچ 6 جون کو ڈربی میں سری لنکا ویمنز ٹیم کے خلاف کھیلے گی۔

قومی ویمنز ٹیم ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے ایسے وقت میں انگلینڈ پہنچی ہے جب حالیہ آئرلینڈ ٹرائی سیریز میں اس کی کارکردگی مایوس کن رہی۔ پاکستان ویمنز ٹیم ٹورنامنٹ میں ایک بھی میچ جیتنے میں کامیاب نہ ہوسکی، جس کے باعث شائقین اور کرکٹ مبصرین ٹیم کی فارم اور ورلڈ کپ میں ممکنہ کارکردگی کے حوالے سے تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔

تاہم ورلڈ کپ قومی ویمنز ٹیم کے لیے ایک نیا موقع ہے کہ وہ گزشتہ ناکامیوں کو پس پشت ڈال کر اپنی کارکردگی بہتر بنائے اور عالمی سطح پر بھرپور انداز میں اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرے۔

اب تمام نظریں پاکستان ویمنز اسکواڈ پر مرکوز ہیں، جو خواتین کرکٹ کے سب سے بڑے عالمی مقابلوں میں سے ایک میں بہتر نتائج حاصل کرنے اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے لیے میدان میں اترے گی۔

Exit mobile version