شاہ سلمان ریلیف مرکز کا خیبر پختونخوا کے ضم شدہ اضلاع میں شیلٹر امدادی منصوبے کا پانچواں مرحلہ مکمل

سعودی عرب کے شاہ سلمان ریلیف مرکز نے خیبر پختونخوا کے ضم شدہ اضلاع میں شیلٹر نان فوڈ آئٹمز (NFIs) امدادی منصوبے کا پانچواں مرحلہ کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا ہے۔

یہ منصوبہ کمزور اور متاثرہ طبقات کو بنیادی انسانی امداد فراہم کرنے کے لیے شروع کیا گیا تھا، جس کے تحت مجموعی طور پر 3,500 شیلٹر نان فوڈ آئٹمز کٹس مستحق خاندانوں میں تقسیم کی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق ہر ضلع میں 500-500 کٹس تقسیم کی گئیں، جن میں اپر کرم، لوئر کرم، مہمند، اورکزئی، شمالی وزیرستان، لوئر جنوبی وزیرستان اور اپر جنوبی وزیرستان شامل ہیں۔

ہر امدادی کٹ میں ایک خیمہ، سولر پینل کے ساتھ ایل ای ڈی لائٹنگ سسٹم، دو تھرمل کمبل، پلاسٹک میٹس، کچن سیٹ، واٹر کولر اور اینٹی بیکٹیریل صابن شامل تھا، تاکہ متاثرہ خاندانوں کو رہائش اور روزمرہ ضروریات میں فوری سہولت فراہم کی جا سکے۔

اس منصوبے سے مجموعی طور پر 24 ہزار سے زائد افراد مستفید ہوئے، جسے انسانی ہمدردی کے لحاظ سے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ منصوبہ پاکستان کے قومی آفات سے نمٹنے کے ادارے نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی کے قریبی تعاون سے مکمل کیا گیا، جس کا مقصد شفافیت، مؤثر رابطہ کاری اور امداد کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانا تھا۔

حکام کے مطابق اس اقدام سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان انسانی ہمدردی پر مبنی دیرینہ تعاون اور متاثرہ کمیونٹیز کی مدد کے لیے مضبوط شراکت داری مزید مستحکم ہوئی ہے، جو قدرتی آفات اور بحرانوں کے دوران اہم کردار ادا کرتی ہے۔

Exit mobile version