وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے جاری ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
انہوں نے مالی سال 2026-27 کے بجٹ کے حوالے سے سالانہ پلان کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا ترقیاتی بجٹ منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے ناکافی ہے جو منصوبہ بندی کے عمل کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو طویل المدتی بنیادوں پر ترقیاتی اخراجات میں اضافہ کرنا ہوگا، جبکہ ترجیحی منصوبوں کو مکمل کرکے ترقیاتی پروگرام سے نکالنا بھی ضروری ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کی معیشت بحالی کی راہ پر گامزن ہے اور حکومت موثر ترقیاتی منصوبہ بندی کے ذریعے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی کوششیں جاری رکھے گی۔
وفاقی وزیر نے چیلنج کی وسعت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی ترقیاتی پروگرام میں زیرِ تکمیل منصوبوں کا مجموعی مالی بوجھ تقریباً سو کھرب روپے تک پہنچ چکا ہے جبکہ مختلف وزارتوں نے جاری منصوبوں کے لیے تقریبا ً چالیس کھرب روپے کے فنڈز طلب کیے ہیں۔
