ڈیرہ اسماعیل خان ایئرپورٹ پر تجارتی پروازوں کی بحالی کے لیے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں، فیصل کریم کنڈی

پشاور/ڈیرہ اسماعیل خان (سی این پی) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان ایئرپورٹ پر تجارتی پروازوں کی بحالی کے لیے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں اور جلد ہی یہ ایئرپورٹ اے ٹی آر پروازوں کے لیے فعال کر دیا جائے گا۔

ڈیرہ اسماعیل خان ایئرپورٹ کے دورے کے موقع پر گورنر خیبرپختونخوا کو پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے حکام نے ایئرپورٹ کی موجودہ صورتحال اور جاری بحالی کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ باقی ماندہ ترقیاتی کام مکمل ہونے کے بعد ایئرپورٹ کو تجارتی پروازوں کے لیے باقاعدہ طور پر کھول دیا جائے گا، جس سے علاقے کے عوام کو سفری سہولیات میسر آئیں گی۔

میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ رن وے کی کارپٹنگ کا کام مکمل ہو چکا ہے، جبکہ باقاعدہ فضائی آپریشنز کی بحالی کے لیے دیگر ضروری کام تیزی سے جاری ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ منصوبے کی تکمیل کے بعد ڈیرہ اسماعیل خان ایئرپورٹ خطے میں فضائی رابطوں کے فروغ اور معاشی سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کرے گا۔

Exit mobile version