پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کا منظم منشیات فروش نیٹ ورک کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، 475 کلوگرام منشیات برآمد

کاؤنٹر نارکوٹکس فورس (سی این ایف) پنجاب نے منظم منشیات فروش نیٹ ورک کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے دو انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں بھاری مقدار میں منشیات برآمد کر لی۔

سی این ایف پنجاب کے حکام کے مطابق بہاولپور میں لال سہانرا نیشنل پارک کے قریب اور وہاڑی کے علاقے شاکر موڑ پر کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 475 کلوگرام منشیات قبضے میں لی گئیں، جن کی مالیت تقریباً سات کروڑ 80 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔

برآمد ہونے والی منشیات میں 382 کلوگرام چرس، 92 کلوگرام افیون اور ایک کلوگرام آئس شامل ہے۔

کارروائیوں کے دوران ایک خاتون سمیت دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ ان کے خلاف انسدادِ منشیات قوانین کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

سی این ایف حکام کا کہنا ہے کہ منشیات فروش عناصر کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی اور معاشرے کو منشیات کے ناسور سے پاک کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

Exit mobile version