بھارت عبدالصمد انقلابی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہا ہے۔ اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر

اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر کے ترجمان نے کہا ہے کہ بھارت کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور اسلامی تنظیم آزادی کے چیئرمین پیر عبدالصمد انقلابی کو تحریک آزادی میں تاریخی کردار ادا کرنے کی پاداش میں سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہا ہے۔ یاد رہے کہ بھارتی قابض حکومت نے سینئر حریت رہنما و پارٹی چیئرمین عبدالصمد انقلابی کو جھوٹے مقدمات میں بدستور غیر قانونی طور پر نظر بند کر رکھا ہے۔

ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں عبدالصمد انقلابی کے عزم وہمت کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی وکالت کرنے کی پاداش میں آدھی سے زائد عمر بھارتی جیلوں اور تفتیشی مراکز میں گزاری ہے۔

پارٹی کے ترجمان نے کہا کہ بھارت کو یہ بات تسلیم کرنی چاہیے کہ وہ سینئر حریت رہنما پیر عبدالصمد انقلابی اور دیگر کشمیری مزاحمتی رہنماؤں کو جھوٹے مقدمات میں برسہابرس تک جیلوں میں رکھنے سے انکے حوصلوں کو پست نہیں کر سکتا۔ انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ ہٹ دھرمی اور غیر حقیقت پسندانہ رویہ ترک کر کے اس تاریخی حقیقت کو تسلیم کر ے کہ کشمیر ایک مسئلہ ہے جسے بے بنیاد اور من گھڑت بیانات سے ہرگز ختم نہیں جاسکتا۔

پارٹی کے ترجمان نے دنیا کے امن پسند لوگوں خاص طور پر انسانی حقوق کے اداروں سے اپیل کی کہ وہ عبدالصمد انقلابی اور بھارتی جیلوں میں نظر بند دیگر ہزاروں کشمیریوں کی رہائی کیلئے کردار ادا کریں۔

Exit mobile version