نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بیجنگ میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے بین الاقوامی شعبے کے وزیر لیو ہائیشنگ سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے علاقائی امن، استحکام اور ترقی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا اور پاکستان اور چین کی دیرینہ دوستی کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر کمیونسٹ پارٹی آف چائنا اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر بھی دستخط کیے گئے، جس کا مقصد نئے حالات کے تناظر میں دونوں جماعتوں کے درمیان روابط اور تعاون کو مزید مؤثر اور ادارہ جاتی شکل دینا ہے۔
اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ اس مفاہمتی یادداشت پر دستخط دونوں سیاسی جماعتوں کے درمیان سیاسی مکالمے، باہمی سیکھنے کے عمل اور اسٹریٹجک ہم آہنگی کو مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا مظہر ہیں۔
