اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کا دو روزہ 30واں اجلاس کل سے اسلام آباد میں شروع ہوگا، جس کی صدارت نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کریں گے۔
اجلاس میں ای سی او کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور وفود کے سربراہان سمیت تنظیم کے سیکریٹریٹ اور ذیلی اداروں کے نمائندے شرکت کریں گے۔
وزارتی اجلاس سے قبل ای سی او رکن ممالک کے اعلیٰ حکام کا اجلاس بھی منعقد ہوگا، جس میں تنظیم کی سرگرمیوں اور پروگراموں کا جائزہ لیا جائے گا، ذیلی اداروں کی کارکردگی پر غور ہوگا اور وزرائے خارجہ کے سامنے پیش کرنے کے لیے ایجنڈے اور حتمی دستاویزات کو تیار کیا جائے گا۔
پاکستان 2026-2027ء کے لیے ای سی او کی صدارت کے فرائض انجام دے رہا ہے اور اس دوران ’’علاقائی تعاون کی بحالی کے ذریعے مضبوط اور مستحکم ای سی او‘‘ کے عنوان کے تحت تنظیم کے مقاصد کو آگے بڑھانے کی کوشش کرے گا۔
پاکستان کی صدارت کے دوران علاقائی روابط کے فروغ، معاشی انضمام کو گہرا کرنے، شراکت داری مضبوط بنانے اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے خوشحالی، پائیدار ترقی اور ایک مربوط و مستحکم خطے کے قیام پر توجہ دی جائے گی۔
اجلاس ای سی او کے کردار کو علاقائی تعاون، مکالمے اور اقتصادی شراکت داری کے ایک مؤثر پلیٹ فارم کے طور پر مزید فعال بنانے کا موقع بھی فراہم کرے گا۔
پاکستان کی صدارت سے ملک کو علاقائی رابطوں کے مرکز، لاجسٹکس اور سپلائی چین کے فروغ میں معاون اور علاقائی تجارت کے حوالے سے اہم کردار ادا کرنے کا موقع ملے گا۔
ان کوششوں کے نتیجے میں خطے کی وسیع اقتصادی صلاحیت سے استفادہ کرنے اور علاقائی تعاون کے ثمرات کو ای سی او کے رکن ممالک کے عوام کی زندگیوں میں مثبت بہتری کی صورت میں منتقل کرنے میں مدد ملے گی۔
