صدر مملکت آصف علی زرداری نے چین کے ساتھ پاکستان کی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔
انہوں نے یہ بات آج اسلام آباد میں چین کی 14ویں نیشنل پیپلز کانگریس کی قائمہ کمیٹی کے نائب چیئرمین کائی ڈافینگ سے ملاقات کے دوران کہی۔
صدر مملکت نے چینی وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے صدر شی جن پنگ، وزیراعظم لی چیانگ اور چینی عوام کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین آئرن برادرز اور ہر موسم کے اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت دار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے جس پر سیاسی، ادارہ جاتی اور عوامی سطح پر مکمل قومی اتفاقِ رائے موجود ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان صدر شی جن پنگ کے “مشترکہ مستقبل کی حامل عالمی برادری” کے وژن اور اس سے متعلقہ اقدامات، بشمول بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو، گلوبل ڈیولپمنٹ انیشی ایٹو، گلوبل سیکیورٹی انیشی ایٹو، گلوبل سولائزیشن انیشی ایٹو اور گلوبل گورننس انیشی ایٹو کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
صدر مملکت نے اپنے حالیہ دورۂ چین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے تبادلوں اور ادارہ جاتی روابط کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے دونوں صدارتی ادوار میں پاک چین تعلقات کے فروغ کیلئے ذاتی طور پر متحرک کردار ادا کرتے رہے ہیں۔
ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جو آج منائی جا رہی ہے۔ صدر مملکت نے اسے دوطرفہ تعلقات میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا اور کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ نے اس موقع پر یادگاری قراردادیں بھی منظور کی ہیں۔
صدر آصف علی زرداری نے توانائی، زراعت، صنعت، ٹیکنالوجی، معدنیات اور سمندری وسائل سمیت مختلف شعبوں میں چینی سرمایہ کاری میں اضافے کا خیر مقدم کیا۔
انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) نے پاکستان کی معاشی تبدیلی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ صدر مملکت نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ سی پیک 2.0 پر منظم ایکشن پلان کے تحت عملدرآمد جاری ہے، جس میں خصوصی اقتصادی زونز کے ذریعے صنعتی ترقی، گرین انرجی منصوبے، زرعی جدت، روزگار کے مواقع اور رابطوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
اس موقع پر کائی ڈافینگ نے صدر شی جن پنگ کی جانب سے صدر آصف علی زرداری کیلئے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور پاک چین دوستی کیلئے صدر مملکت اور ان کے خاندان کی دیرینہ خدمات کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کی تقریبات دونوں ممالک کی پائیدار دوستی کو نئی نسل تک منتقل کرنے میں مددگار ثابت ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر شی جن پنگ اور صدر آصف علی زرداری کی قیادت میں پاک چین تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
ملاقات میں علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
