امریکی تحویل میں لیے گئے بحری جہازوں سے 11 پاکستانی شہریوں کو پاکستان منتقل کردیا ہے، نائب وزیراعظم

پاکستان نے امریکی تحویل میں لیے گئے بحری جہازوں سے 11 پاکستانی شہریوں کو کامیابی کے ساتھ وطن واپس منتقل کر دیا ہے، جبکہ ان کے ساتھ موجود 20 ایرانی شہریوں کی واپسی کا عمل بھی مکمل کیا جا رہا ہے۔

نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ ان افراد کو سنگاپور کے ذریعے واپس لایا گیا اور تمام افراد خیریت سے اور اچھے حوصلے میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں، خصوصاً مشکل میں گھرے شہریوں کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اسحاق ڈار کے مطابق تمام افراد سنگاپور سے بنکاک پہنچ چکے ہیں اور اسلام آباد آنے والی پرواز میں سوار ہو چکے ہیں، جو آج رات پاکستان پہنچے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی شہریوں کو بھی ان کے وطن واپسی کے لیے سہولت فراہم کی جائے گی۔

نائب وزیراعظم نے اس عمل میں تعاون پر سنگاپور کے وزیرِ خارجہ ویوین بالا کرشنن، وزیراعظم سنگاپور اور حکومتِ سنگاپور کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ایرانی شہریوں کی واپسی کے لیے پاکستان پر اعتماد کیا۔

اسحاق ڈار نے امریکی حکومت، بالخصوص وزیرِ خارجہ مارکو روبیو، کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے 31 پاکستانی اور ایرانی شہریوں کی واپسی میں قریبی تعاون فراہم کیا۔

انہوں نے حکومتِ تھائی لینڈ اور اپنے ہم منصب سیہاسک پھوانگ کیو کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے پاکستان کی درخواست پر ان افراد کی بنکاک کے ذریعے منتقلی میں معاونت کی۔

نائب وزیراعظم نے وزارتِ خارجہ، وزارتِ داخلہ اور سنگاپور و تھائی لینڈ میں پاکستانی سفارتی مشنز کے افسران کی بروقت رابطہ کاری اور کاوشوں کو بھی سراہا، جن کی بدولت یہ عمل محفوظ اور کامیابی سے مکمل ہوا۔

Exit mobile version