برآمدات پر مبنی صنعت ، ملکی ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے ناگزیر ہے ، وزیراعظم

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ برآمدات پر مبنی صنعت ، ملکی ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے نا گزیر ہے ۔وہاسلام آباد میں ملکی برآمدات میں اضافے کے حوالے سے حکمت عملی پر اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اپنی توجہ برآمدات میں اضافے اور صنعتوں کو سہولیات فراہم کرنے ہر مزکور کئے ہوئے ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ایسے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار اور صنعتیں، جو کہ برآمدات میں اضافے کے حوالے سے اہم ہیں ، کو حکومتی سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے لائحہ عمل تیار کیا جائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ملکی صنعت اور تجارت میں ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ اور جدت ، ملکی مصنوعات کو عالمی مارکیٹ میں مسابقت دلانے میں مددگار ثابت ہوگی۔

وزیراعظم نے برآمد کنندگان کو ٹیکس ریفنڈ کی بروقت ادائیگی کی بھی ہدایت کی ہے۔

اجلاس کو ملکی برآمدات میں اضافے کے حوالے سے حکمت عملی پر بریفنگ دی گئی ؛ پالیسی مسودے پر اجلاس میں بحث بھی کی گئی اور شرکا نے اپنی اپنی رائے اور تجاویز پیش کیں۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان ، وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین ، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب ، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ ،وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

Exit mobile version