پاکستان اور زمبابوے ویمنز ون ڈے سیریز پیر سے شروع ہوگی

پاکستان اور زمبابوے کی ویمنز ٹیموں کے درمیان چھ میچوں پر مشتمل وائٹ بال سیریز 4 مئی سے کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں شروع ہوگی۔

سیریز میں تین ون ڈے انٹرنیشنل (ODIs) اور تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل (T20Is) میچز شامل ہیں۔ ون ڈے سیریز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ 2025-29 کا حصہ ہے۔ ون ڈے میچز 4، 6 اور 9 مئی کو کھیلے جائیں گے اور تمام میچز کا آغاز سہ پہر 3:30 بجے (پاکستانی وقت کے مطابق) ہوگا۔ جبکہ ٹی ٹوئنٹی میچز 12، 14 اور 15 مئی کو شیڈول ہیں، جن کا آغاز شام 7:30 بجے ہوگا۔

پاکستان کی 15 رکنی ون ڈے اسکواڈ کی قیادت فاطمہ ثناء کریں گی، جبکہ اسکواڈ میں ایک نئی کھلاڑی مومنہ ریاست بھی شامل ہیں، جو اپنا ڈیبیو کر سکتی ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ٹیم کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

پاکستان ویمنز ٹیم اس وقت آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کی درجہ بندی میں دو پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہے، اس سے قبل ٹیم نے رواں سال کے آغاز میں جنوبی افریقہ کے خلاف اس کی سرزمین پر ون ڈے سیریز کھیلی تھی۔

آنے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز پاکستان ویمنز ٹیم کو آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل تیاری کا بہترین موقع فراہم کرے گی، جو 12 جون سے 5 جولائی تک انگلینڈ اور ویلز میں کھیلا جائے گا۔ اس بڑے ایونٹ سے قبل پاکستان ٹیم آئرلینڈ میں 28 مئی سے 4 جون تک ہونے والی سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی شرکت کرے گی، جس میں آئرلینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں بھی شامل ہوں گی۔


پاکستان ویمنز ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا کا کہنا ہے کہ “یہ سیریز ہمارے لیے آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ 2025-29 کے آغاز میں مضبوط کارکردگی دکھانے کا ایک اہم موقع ہے۔ ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے سے ہمیں اضافی اعتماد ملتا ہے اور ہم ان کنڈیشنز سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔

ہماری تیاری مکمل ہے اور کھلاڑی اپنے کردار سے بخوبی آگاہ ہیں۔ اگرچہ ہماری باؤلنگ ہماری مضبوطی رہی ہے، لیکن ہم بیٹنگ میں مزید تسلسل لانے کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں تاکہ بحیثیت ٹیم بہتر کارکردگی دکھا سکیں۔”

پاکستان بمقابلہ زمبابوے ویمنز سیریز شیڈول (تمام میچز نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں):
4 مئی – پہلا ون ڈے (3:30pm)
6 مئی – دوسرا ون ڈے (3:30pm)
9 مئی – تیسرا ون ڈے (3:30pm)
12 مئی – پہلا ٹی ٹوئنٹی (7:30pm)
14 مئی – دوسرا ٹی ٹوئنٹی (7:30pm)
15 مئی – تیسرا ٹی ٹوئنٹی (7:30pm)

Exit mobile version