وزیراعظم کی قابلِ تجدید توانائی کے منصوبوں کو فروغ دینے کی ہدایت

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے ملک میں توانائی کی کمی پورا کرنے کے لئے قابلِ تجدید توانائی کے منصوبوں کو فروغ دینے کی ہدایت کی ہے۔آج لاہور میں توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے توانائی کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینے پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ بجلی کے صنعتی اور گھریلو صارفین کے لیے سہولیات پیدا کرنے کے لیے اقدامات لیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ صنعتی ترقی کے فروغ کے لیے توانائی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔ گھریلو صارفین کے لیے سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔وزیراعظم نے بجلی کی ترسیل کے نظام میں بہتری لا کر لائن لاسز میں نمایاں کمی لانے کی بھی ہدایت کی ۔شہبازشریف نے بجلی کے نرخوں میں استحکام لانے کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے صارفین کو بلوں کی ادائیگی میں آسانی کے لیے ڈیجیٹل سہولیات کے فروغ پر زور دیا۔

وزیراعظم نے بجلی چوری کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات عوام اور صنعت کے وسیع تر مفاد کو ملحوظ خاطر رکھے بغیر نہیں کی جائیں گی۔اجلاس میں وزیراعظم کو گھریلو صارفین اور صنعت کے لیے بجلی کی کھپت کے حوالے سے سفارشات پیش کی گئیں۔

Exit mobile version