پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں پاک۔افغان سرحد پر دراندازی کی دو کوششیں ناکام بناتے ہوئے بارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے تیرہ خوارج کو ہلاک کر دیا۔
ضلع مہمند میں ایک جھڑپ کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ایک گروہ کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا جو پاک۔افغان سرحد کے راستے دراندازی کی کوشش کر رہا تھا۔پاک فوج نے بروقت اور موثر کارروائی کرتے ہوئے اس گروہ کو نشانہ بنایا اور ایک کامیاب آپریشن میں آٹھ خوارج کو ہلاک کر دیا۔
ایک اور کارروائی میں ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد کے ساتھ دراندازی کی ایک اور کوشش ناکام بنائی۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد پانچ خوارج کو ہلاک کر دیا گیا۔
یہ کارروائیاں ایک بار پھر اس موقف کو تقویت دیتی ہیں کہ افغان عبوری حکومت اپنی جانب موثر سرحدی نگرانی یقینی بنانے میں ناکام رہی ہے۔ پاکستان نے زور دیا ہے کہ افغان حکام اپنی ذمہ داریاں پوری کریں، افغان سرزمین کو دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکیں اور اپنے شہریوں کو پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہونے سے باز رکھیں۔
