صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف نے کاروباری برادری اور صنعتکاروں سمیت متعلقہ فریقین سے اپیل کی ہے کہ وہ ملک کی محنت کش افرادی قوت کے وقار اور تحفظ کو یقینی بنائیں۔محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پراپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے کہا کہ جو قوم اپنے مزدوروں کا تحفظ کرتی ہے، وہ اپنے مستقبل کا تحفظ کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محنت کشوں کو بااختیار بنانا پائیدار قومی طاقت کی بنیاد ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی محنتی معیارات کو برقرار رکھنے اور کام کی جگہ پر بنیادی حقوق کے فروغ کے لیے پرعزم ہے، جن میں منصفانہ اجرت، سماجی تحفظ، جبری اور کم سن بچوں سے مشقت کا خاتمہ اور امتیازی سلوک کا خاتمہ شامل ہے۔اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی محنت کش قوت، چاہے ملک کے اندر ہو یا بیرونِ ملک، ہماری قومی صلاحیت، محنت اور پیشہ ورانہ مہارت کی عکاسی کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی ادارے، جن میں ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن اور ورکرز ویلفیئر فنڈ شامل ہیں، مزدوروں اور ان کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لیے پنشن، رہائش، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے مسلسل کوشاں ہیں۔
