صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان ترجیحی شعبوں میں چین کی مزید سرمایہ کاری کا خواہاں ہے، جن میں متبادل توانائی، پانی کی صفائی اور برقی گاڑیوں کے بیٹری نظام سرفہرست ہیں۔وہ چین کے شہر سانیا میں ہانگژو جن جیانگ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو وانگ جین سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔صدرِ مملکت نے اس موقع پر کہا کہ حکومت پاکستان مختلف شعبوں میں بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے، خصوصاً پانی کی صفائی، متبادل توانائی اور برقی گاڑیوں سے متعلق صنعتوں میں وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان صنعتی تعاون نہ صرف دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ہے بلکہ اس سے پائیدار معاشی ترقی کو بھی فروغ ملے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومتِ سندھ سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی اور سرکاری و نجی اشتراک کے تحت مختلف منصوبوں میں مکمل معاونت جاری رکھی جائے گی۔ملاقات کے دوران بتایا گیا کہ ہانگژو جن جیانگ کمپنی پہلے ہی پاکستان میں متعدد منصوبوں پر کام کر رہی ہے اور چین کے نمایاں کاروباری اداروں میں شمار ہوتی ہے۔ کمپنی کی سرگرمیاں بھاری صنعت، کھاد سازی، تیل و گیس، کوئلے سے گیس سازی، قابلِ تجدید توانائی، زراعت اور آبپاشی جیسے اہم شعبوں تک پھیلی ہوئی ہیں۔
پاکستان ترجیحی شعبوں میں چین کی مزید سرمایہ کاری کا خواہاں ہے، صدر آصف علی زرداری
