سرگودھا شہر کے مرکزی بازاروں کی بیوٹیفکیشن کے منصوبے سے نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں نمایاں اضافہ ہوگا بلکہ شہریوں کو بہتر تفریحی ماحول بھی فراہم کیا جا سکے گا۔
ان خیالات کا اظہار البرھان سٹی کے چیف ایگزیکٹو ملک اسلم برھان نے میڈیا نمائندگان سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے کے تحت بازاروں میں صفائی، روشنی کے جدید انتظامات، واکنگ ایریاز، اور تزئین و آرائش کے مختلف اقدامات شامل ہیں جس سے شہریوں کو ایک خوشگوار اور محفوظ ماحول میسر آئے گا۔
دریں اثناء شہری و سماجی حلقوں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے نہ صرف کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا بلکہ سرگودھا کا مثبت تشخص بھی اجاگر ہوگا۔ انہوں نے اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور ڈپٹی کمشنر سرگودھا کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ منصوبہ جلد مکمل ہو کر عوام کے لیے آسانیاں پیدا کرے گا۔
ملک اسلم برھان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ایسے ترقیاتی منصوبے کسی بھی شہر کی معاشی اور سماجی بہتری میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور سرگودھا میں اس نوعیت کے اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔
