اسلام آباد: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ پاکستان نے ایران کے ساتھ ہونے والے امن مذاکرات میں نہایت تعمیری کردار ادا کیا۔
اسلام آباد میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے وزیرِ اعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی میزبانی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کا انعقاد شاندار انداز میں کیا گیا۔
جے ڈی وینس نے کہا کہ اگر مذاکرات میں کوئی کمی رہ گئی تو اس کی وجہ پاکستانی فریق نہیں تھا، کیونکہ انہوں نے بہترین کام کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ ایران کے لیے ایک بہترین، آسان اور حتمی تجویز پیش کر رہا ہے اور اب دیکھنا یہ ہے کہ ایران اسے قبول کرتا ہے یا نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی معاہدے تک پہنچنے کے لیے امریکہ کو ایران کی جانب سے اس بات کی مضبوط یقین دہانی درکار ہے کہ وہ جوہری ہتھیار تیار نہیں کرے گا۔
دوسری جانب ایران کی وزارتِ خارجہ نے بھی مذاکرات کے اختتام پر بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وہ کھلے ذہن کے ساتھ مذاکرات میں شریک ہوئے۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں مذاکرات کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ کامیابی کا انحصار فریقِ مخالف کی سنجیدگی اور نیک نیتی پر ہے۔
