
اسلام آباد مذاکرات، صحافیوں کو کوریج کیلئے تمام سہولیات فراہم کی گئی ہیں،تارڑ
اطلاعات و نشریات کے وزیر عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وزارت اطلاعات و نشریات نے امریکہ ایران امن مذاکرات کی کوریج کے لیے اسلام آباد میں مقامی اور بین الاقوامی صحافیوں کی سہولت کے لیے بہترین انتظامات کیے ہیں۔
انہوں نے آج کنونشن سینٹر اسلام آباد میں قائم میڈیا سنٹر میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی صحافیوں کی سہولت کے لیے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پہلے ہی تمام صحافیوں کو ان کی آمد پر ویزا جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پچاس کے قریب صحافی پہلے ہی پاکستان پہنچ چکے ہیں، جب کہ اس تاریخی تقریب کی کوریج کے لیے مزید صحافیوں کی جلد آمد متوقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ اور ایران کے صحافیوں کے علاوہ چین، جاپان، جرمنی، سعودی عرب اور کوریا سمیت دیگر ممالک کے صحافی بھی مذاکرات کی کوریج کے لیے اسلام آباد پہنچے ہیں۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ وزارت اطلاعات و نشریات نے صحافیوں کو تمام ضروری سہولیات فراہم کرنے کے لیے جامع انتظامات کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا سنٹر تیز رفتار انٹرنیٹ، بڑی سکرینوں اور میڈیا عملے کو درکار تمام ضروری آلات سے لیس ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات اشفاق احمد خلیل نے امریکہ ایران امن مذاکرات کی میزبانی کو پاکستان کے لیے تاریخی دن قرار دیا۔















