وزیراعظم کاسرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کے عزم کااظہار

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے عالمی سرمایہ کاروں کو خاص طور پر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں سہولت فراہم کرنے کے لئے حکومت کے عزم کا اظہار کیا ہے۔وہ اسلام آباد میں عالمی ڈیجیٹل آپریٹر VEON گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کان ترزی اوعلو (Kaan Terzioglu) سے گفتگو کر رہے تھے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کا مقصد اقتصادی شعبے میں ڈیجیٹلائزیشن کو اپناتے ہوئے شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں ٹیلی کام آپریٹرز کو 5G سپیکٹرم کی نیلامی کے بعد عوام کو معیاری انٹرنیٹ سروسز مہیا کرنے کے لئے تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون اور ہم آہنگی سے کام کر رہے ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان آبادی کا ٹیلی کام اور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں رحجان بین الاقوامی سرمایہ کاروں کیلئے دلچسپی کا باعث ہے۔کان ترزی اوعلو نے کیش لیس اکانومی اور معیشت کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن کیلئے حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات کی خصوصی طور پر تعریف کی۔ انہوں نے اپنی کمپنی کی طرف سے پاکستان میں مزید سرمایہ کاری بڑھانے کے ارادے کا بھی اظہار کیا۔

Exit mobile version