وزیراعظم محمد شہباز شریف کا ایرانی صدر سے ٹیلیفونک رابطہ، علاقائی صورتحال پر تفصیلی گفتگو

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آج ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا۔ایک گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی اس تفصیلی گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے خطے میں جاری کشیدگی اور امن کی کوششوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔

وزیراعظم نے ایران پر جاری اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کا اعادہ کیا، جن میں حالیہ دنوں میں شہری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے ان مشکل حالات میں ایرانی عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے ان حملوں میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر تعزیت بھی کی اور زخمیوں اور بے گھر افراد کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

وزیراعظم نے ایرانی صدر کو اپنی سفارتی کوششوں سے بھی آگاہ کیا، جن کے تحت وہ، نائب وزیراعظم اور سید عاصم منیر امریکہ، خلیجی اور اسلامی ممالک سے رابطے کر رہے ہیں تاکہ امن مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا جا سکے۔

انہوں نے ایرانی صدر کو پاکستان کی امن کوششوں کی بھرپور حمایت سے بھی آگاہ کیا اور امید ظاہر کی کہ اجتماعی کوششوں سے کشیدگی کے خاتمے کی راہ نکالی جا سکتی ہے۔

ایرانی صدر نے وزیراعظم کی مخلصانہ سفارتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف جاری کارروائیوں پر اپنا مؤقف بیان کیا اور مذاکرات اور ثالثی کے لیے اعتماد سازی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے امن کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کی بھی تعریف کی۔وزیراعظم نے ایرانی صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گا۔

Exit mobile version