ملائیشیا نے مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی امن کوششوں کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔
یہ پیشکش ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے آج وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران کی۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان خوشگوار اور دوستانہ گفتگو میں وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشین ہم منصب کا شکریہ ادا کیا اور یقین دہانی کرائی کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے اپنی مخلصانہ اور سنجیدہ کوششیں جاری رکھے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی قیادت پر اعتماد کے اظہار اور مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے خاتمے کے لیے پاکستان کی ثالثی کوششوں کی حمایت پر ملائیشین وزیراعظم کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشین وزیراعظم کو حالیہ سفارتی کوششوں سے بھی آگاہ کیا، جن میں خلیجی ممالک اور ایران کی قیادت سے ان کے روابط شامل ہیں، تاکہ امریکہ اور ایران کو مذاکرات کی میز پر لایا جا سکے۔
ملائیشین وزیراعظم نے شہباز شریف کی قیادت کو سراہتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے بھی مختلف عالمی رہنماؤں سے اپنی بات چیت میں مشرق وسطیٰ میں فوری جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے عیدالفطر کی مبارکباد کا تبادلہ کیا اور امت مسلمہ کے اتحاد اور ترقی کے لیے دعا کی۔ اس موقع پر اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک کے رہنما باہمی رابطے میں رہیں گے۔
