واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی سفارتخانے نے یوم پاکستان کے موقع پر پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد کی۔تقریب میں امریکی وزارتِ خارجہ ، سفارت خانہ کے افسران و اہلکار ، میڈیا نمائندگان اور پاکستانی کمیونٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے قومی ترانے کی دھن پر وطنِ عزیز کا پرچم بلند کیا۔اپنے خطاب میں، پاکستانی سفیر کی جانب سے یوم پاکستان کی تقریب میں شرکت پر امریکی محکمہ خارجہ کے حکام اور پاکستانی کمیونٹی رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا گیا۔ انہوں نے کہا یوم پاکستان اس عزم کا اعادہ ہے جو بانیانِ پاکستان نے قراردادِ پاکستان کے تحت کیا تھا۔
رضوان سعید شیخ نے کہا پاکستان کی آزادی اور خودمختاری کے حوالے سے کسی قسم کا کوئی شک و شبہ نہیں ہونا چاہیے اور پاکستانی قوم نے اپنی قومی تاریخ میں ہر مشکل کا مقابلہ جوانمردی اور استقلال سے کیا ہے۔ سفیرنے کہا کہ پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک رہا ہے اور پاکستانی قوم آج بھی دہشت گردی کا بوجھ اٹھا رہی ہے اور اس جنگ میں بے پناہ قربانیوں کے باوجود بھی ہماری قوم کا حوصلہ بلند ہے اور اس عفریت کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے پر عزم ہے ۔
امریکہ میں پاکستانی سفیرنے کہا کہ علاقائی امن و استحکام کے حوالے سے پاکستان کا کردار کلیدی ہے۔ پاکستان اور امریکہ آبادی کے لحاظ سے دنیا کے بڑے ملک ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان قریبی سیاسی، اقتصادی شراکت داری وقت کی اہم ضرورت ہے۔رضوان سعید شیخ نے مزید یہ بھی کہا کہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے حوالے سے موجود سال کو "ایکشن ائیر” قرار دیا ہے۔
تقریب سے یو ایس ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری آف سٹیٹ جان مارک پومرشیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور امریکہ کی شراکت داری کی بنیادیں بہت گہری ہیں، ہم نے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے اور دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان تعلقات کو مضبوط کرنے کے لئے مل کر کام کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کے دور میں پاک امریکہ تعلقات واضح طور پر مستحکم ہوئے ہیں اور امریکہ پاکستان کے ساتھ طویل المدت اور دیرپا تعلقات کاخواہش مند ہے۔تقریب میں صدرِ پاکستان، وزیرِ اعظم پاکستان اور نائب وزیرِ اعظم و وزیر خارجہ کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے ۔
تقریب کے آخر میں سفیر پاکستان نے امریکہ میں موجود پاکستانی کمیونٹی کو یومِ پاکستان کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ امریکہ میں آباد پاکستانی مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کی بنیاد پر دونوں ملکوں کی موجودہ اور آئندہ شراکت داری میں ایک دیرپا پل کا مقام رکھتے ہیں۔تقریب میں یوم پاکستان کے حوالے سے کیک کاٹا گیا۔ سفیر پاکستان نے تقریب میں موجود شرکا کا شکریہ ادا کیا۔
واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی سفارتخانے کا یوم پاکستان کے حوالے سے تقریب کا انعقاد
