
صدر، وزیراعظم کا شہداء، قومی ہیروز کو بھرپور خراج عقیدت
صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یومِ پاکستان کے موقع پراپنے پیغامات میں پاکستان کے قیام اور استحکام کے لئے قربانیاں دینے والے قومی ہیروز اور شہداء و غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بلاشبہ آزادی کی نعمت کے باعث قائم پاکستان ہمارے آبائو اجداد کی دانشمندی، عزم، استقامت اور قربانیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
صدر اور وزیرِاعظم نے کہا کہ پوری قوم اپنی شاندار روایات کے تحفظ کیلئے پُرعزم ہے اور ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔صدر نے اپنے پیغام میں کہا کہ آزادی کے بعد ابتدائی مشکلات کے باوجود پاکستان نے بھرپور عزم اور باہمی تعاون کے ذریعے نمایاں ترقی کی جس میں مضبوط اداروں کا قیام، دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ اور دہشت گردی کا مقابلہ شامل ہے۔
سکیورٹی خطرات کیخلاف پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کسی بھی گروہ کو ملک کیخلاف کارروائی کیلئے غیر ملکی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ حکومت نے متعدد چیلنجز کے باوجود پاکستان کی معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے قیام کا جموں و کشمیر کے منصفانہ حل سے براہ راست تعلق ہے اور پاکستان بھارت کے غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کے اپنے بھائیوں اور بہنوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔















