قوم کل یومِ پاکستان اس عزمِ کی تجدید کے ساتھ منائے گی کہ قائداعظم محمد علی جناح کے نظریے کے مطابق ملک کو ایک حقیقی اسلامی اور فلاحی ریاست بنایا جائے گا۔یہ دن 23 مارچ 1940کو منظور ہونیوالی اس تاریخی قراردادِ لاہور کی یاد میں منایا جاتا ہے جس کے تحت برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے لئے ایک علیحدہ وطن کے قیام کا ایجنڈا پیش کیا تھا۔
وفاقی دارالحکومت میں دن کا آغاز اکتیس جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس،اکیس توپوں کی سلامی سے ہو گا۔فجر کی نماز کے بعدملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے مساجد میں خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔
اس موقع پرریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی ویژن اس دن کی اہمیت کو اُجاگر کرنے اور تحریکِ پاکستان کے رہنمائوں اور کارکنوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے خصوصی پروگرام نشرکریں گے۔آئی ایس پی آر نے یومِ پاکستان کے موقع پر خصوصی قومی نغمہ "میری مٹی میری جان، پاکستان زندہ باد” جاری کیا ہے۔یہ قومی نغمہ پاکستانی قوم کے جذبہ حب الوطنی اور قومی اتحاد کا مظہر ہے۔
