وزیراعظم شہباز شریف کے زیر صدارت آج اسلام آباد میں ایک اجلاس میں اعلان کیا گیا کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر حکومت کے کفایت شعاری اقدامات سے حاصل ہونے والی رقوم عوامی بہبود کے لئے استعمال کی جائیں گی۔اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر علاقائی صورتحال کے اثرات اور حکومتی کفایت شعاری کے اقدامات پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سرکاری ملازمین کی طرح سرکاری کاروباری اداروں اور سرکاری زیر سرپرستی خود مختار محکموں کے ملازمین کی تنخواہوں میں پانچ سے تیس فیصد تک کٹوتی کی جائے گی۔اجلاس میں حکومت کی جانب سے نئی گاڑیوں کی خریداری اور دیگر سرکاری اخراجات پر پابندی پر عملدرآمد کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم نے کہا کہ متعلقہ سیکرٹریز کفایت شعاری کے ان تمام اقدامات پر عملدرآمد اور نگرانی کریں گے اور جائزہ کمیٹی کو روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کریں گے۔
