صدر،وزیراعظم کا ملک سے ہرقسم کی دہشتگردی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ

صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بنوں میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے۔اپنے الگ الگ بیانات میں انہوں نے لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز اور سپاہی کرامت شاہ کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔صدر مملکت نے سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اس بات کا پختہ عزم ہے کہ خوارج کے خلاف کارروائیاں بلا تفریق جاری رہیں گی اور قوم کے تحفظ اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے تقدس کی بے حرمتی کرنے والے دہشت گردوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ رمضان کے مقدس مہینے میں فتنہ الخوارج کی دہشت گردی اس بات کا ثبوت ہے کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ۔شہباز شریف نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے شہر کو بڑی تباہی سے بچا لیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

Exit mobile version