وزیراعظم کی پاکستان،امریکہ کی معاشی شراکت داری کوفروغ دینے کی تعریف

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے یونائیٹڈ اسٹیٹس انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ فنانس کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بنجمن بلیک نے آج واشنگٹن ڈی سی میں ملاقات کی۔ان کے ہمراہ ڈی ایف سی کے سرمایہ کاری کے سربراہ  کانر کولمین اور ایجنسی کی سینئر قیادت بھی موجود تھی۔وزیر اعظم نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان بڑھتی ہوئی معاشی شراکت داری کے فروغ اور دونوں ممالک کے نجی اداروں کے درمیان مشترکہ منصوبوں کو متحرک کرنے میں ڈی ایف سی کے کلیدی کردار کی تعریف کی۔

پاکستان کی معیشت کو بہتر کرنے والے میکرو اکنامک بنیادی اصولوں، ساختی اصلاحات اور سرمایہ کاری کیلئے پرکشش ماحول کے لیے حکومت کے عزم کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم نے ڈی ایف سی کو دعوت دی کہ وہ توانائی، کان کنی و معدنیات، زراعت اور آئی ٹی کے شعبوں میں منصوبوں کیلئے اپنی سرمایہ کاری میں اضافہ کرے۔وزیراعظم نے ڈی ایف سی کو اپریل میں اسلام آباد میں منعقد ہونے والی آئندہ معدنیات کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔

بینجمن بلیک نے وزیراعظم کو ڈی ایف سی کے سٹرٹیجک اقدامات، ترجیحات اور پاکستان میں متوقع پراجیکٹس کے بارے میں آگاہ کیا اور پاکستان میں ڈی ایف سی کی سرمایہ کاری میں اضافے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔وزیر اعظم نے بنجمن بلیک کو پاکستان میں مشترکہ دلچسپی کے مختلف شعبوں میں باہمی طور پر مفید سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کیلئے جلد از جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔

Exit mobile version