
پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط
پاکستان اور ترکیہ نے زرعی تحقیق، جدت اور ٹیکنالوجی کی منتقلی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کیلئے مفاہمت کی ایک اہم یادداشت پر دستخط کر دیے ہیں، جسے دوطرفہ تعلقات میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ معاہدہ Special Investment Facilitation Council (ایس آئی ایف سی) کی فعال سہولت کاری سے طے پایا۔ ایس آئی ایف سی ادارہ جاتی ہم آہنگی، عالمی شراکت داری اور سرمایہ کار دوست ماحول کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، جس کی بدولت پاکستان کے ڈیری اور لائیو اسٹاک شعبے نے ایک تاریخی سنگِ میل عبور کیا ہے۔
خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی معاونت سے Pakistan Agricultural Research Council اور ترکیہ کے Agricultural Technologies Cluster کے درمیان یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ اس معاہدے کے تحت زرعی تحقیق، اختراعات اور جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی کے لیے ایک جامع فریم ورک تشکیل دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان تعاون سے جدید کارپوریٹ لائیو اسٹاک فارمنگ کو فروغ ملے گا، برآمدی ویلیو چین کی ترقی ممکن ہوگی اور زرعی پیداوار میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ مزید برآں، زرعی و لائیو اسٹاک شعبے میں ادارہ جاتی روابط، نجی شعبے کی شمولیت اور ٹیکنالوجی پر مبنی ترقی کو بھی فروغ دیا جائے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ پیش رفت نہ صرف پاکستان اور ترکیہ کے اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرے گی بلکہ زرعی شعبے میں پائیدار ترقی کے نئے مواقع بھی پیدا کرے گی۔ یہ معاہدہ ایس آئی ایف سی کی موثر سہولت کاری اور مربوط ادارہ جاتی ہم آہنگی کا واضح ثبوت ہے۔















