بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

محفوظ رہائش کا مطلب صرف چھت نہیں بلکہ یہ بچوں اور خواتین کے وقار، مواقع اور معاشرتی استحکام کی بنیاد ہے، خاتون اول

خاتون اوّل آصفہ بھٹو زرداری نے ایشیا پیسیفک شیلٹر اینڈ سیٹلمنٹس فورم 2026 سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ محفوظ رہائش کا مطلب صرف چھت فراہم کرنا نہیں بلکہ یہ بچوں اور خواتین کے وقار، مواقع اور معاشرتی استحکام کی بنیاد ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایشیا پیسیفک خطے میں لاکھوں خاندان موسمیاتی تبدیلی اور مختلف سماجی چیلنجز سے متاثر ہو رہے ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ محفوظ رہائش کے فوائد بالخصوص خواتین اور بچوں تک پہنچائے جائیں تاکہ وہ باوقار اور محفوظ زندگی گزار سکیں۔

خاتون اوّل نے سندھ کی مثال دیتے ہوئے بتایا کہ 2022 کے تباہ کن سیلاب کے بعد سندھ حکومت نے "سندھ پیپلز ہاؤسنگ فار فلڈ فیکٹیز پروگرام” شروع کیا، جو دنیا کا سب سے بڑا ماحولیاتی طور پر مضبوط ہاؤسنگ منصوبہ ہے۔ اس منصوبے سے 15 ملین سے زائد افراد براہِ راست مستفید ہو رہے ہیں، اور مکانات و زمین خواتین کے نام منتقل کی جا رہی ہیں، جس سے ان کے وقار، تحفظ اور مالی شمولیت کو فروغ مل رہا ہے۔

آصفہ بھٹو زرداری نے پائیدار بستیاں قائم کرنے کے لیے سماجی ہم آہنگی اور مضبوط کمیونٹیز کی تشکیل پر زور دیا اور کہا کہ حکومت، سول سوسائٹی، نجی شعبے اور مقامی کمیونٹیز کے درمیان مؤثر تعاون ناگزیر ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ فورم کا مقصد محض بیانات دینا نہیں بلکہ عملی اور مؤثر حل تلاش کرنا ہے تاکہ ہر کمیونٹی کو نہ صرف بحران کا مقابلہ کرنے بلکہ اس سے آگے بڑھنے کی صلاحیت حاصل ہو۔

خاتون اوّل نے امید ظاہر کی کہ فورم شرکا کے لیے کامیاب اور متاثر کن ثابت ہوگا اور ہر بچے اور ہر عورت کے لیے محفوظ، باوقار اور مواقع سے بھرپور زندگی کی راہ ہموار کرے گا، کیونکہ کسی بھی فورم کی اصل کامیابی عملی اقدامات اور زمینی نتائج سے جڑی ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button