نواں بین الاقوامی پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ مقابلہ کامیابی کے ساتھ کھاریاں میں اختتام پذیر ہو گیا۔ٹیم اسپرٹ مقابلہ ساٹھ گھنٹے طویل گشت پر مبنی ایک جامع فوجی مشق ہے، جسے شریک ٹیموں کے درمیان جدید جنگی طریقۂ کار، حکمتِ عملی کے تجربات اور بہترین پیشہ ورانہ طریقوں کے تبادلے کے ذریعے عسکری مہارتوں میں اضافے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔
اس سال اس مقابلے میں انیس ممالک کی ٹیموں نے بھرپور شرکت کی۔اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مشق میں حصہ لینے والی تمام ٹیموں کی غیر معمولی پیشہ ورانہ صلاحیت، جسمانی و ذہنی مضبوطی، آپریشنل قابلیت اور بلند حوصلے کو سراہا۔
انہوں نے اجتماعی تیاریوں میں اضافے اور جدید جنگ کے بدلتے ہوئے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کے لیے اس طرح کی کثیر الملکی مشقوں کی اہمیت پر زور دیا۔اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے شرکاء میں انعامات بھی تقسیم کیے۔
بعد ازاں چیف آف ڈیفنس فورسز نے نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر پبی میں جاری مختلف تربیتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور نئے قائم کردہ ٹیکٹیکل سمیولیٹر کا مشاہدہ کیا۔انہوں نے فوجیوں اور تکنیکی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے روایتی تربیتی طریقوں کے ساتھ ساتھ سمیولیٹر پر مبنی تربیت کی اہمیت پر زور دیا۔
